عظمی بخاری

حکومتی ترجمان اپوزیشن کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان اپوزیشن کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں، کپتان کے ساتھ انکے ترجمان بھی عدم اعتماد کا نام سن کر باولے ہوچکے ہیں، اپوزیشن کی نمبر گیم پوری ہوچکی ہے آپ بے فکر رہیں، ڈیڑھ درجن کے قریب حکومتی ایم این اے عمران خان کےخلاف ووٹ دینگے۔

عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خارو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجمان اپوزیشن کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں، شیخ رشید تو پھر وزیر لگ گئے، ان کرائے کے ترجمانوں کو کسی چپڑاسی نے بھی بھرتی نہیں کرنا۔ ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ 4 سال میں ملک و قوم کی ایسی تیسی پھیرنے والے ڈھٹائی سے اگلی باری کا سوچ رہے ہیں، عمران خان کی یہ پہلی اور آخری باری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور انکی ٹیم نے دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور اس نالائق ٹولے نے پوری پلاننگ سے ہر شعبے کو اجڑا چمن بنا دیا ہے، معیشت سنبھل نہیں رہی ملک عالمی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ چار سال کے قرضے اور مہنگائی چوہتر سال کا ریکارڈ توڑ گئے ہیں، اب قوم بس عمران خان کی سیاسی خود کشی کا انتظار کررہے ہیں۔