احسن اقبال

حکومتی اتحادی چھوڑ کر جا رہے ہیں، نواز شریف کی واپسی کی خبروں سے حکومت کی نیندیں اڑگئی ہیں،احسن اقبال

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی بھی چھوڑ کر جا رہے ہیں، پاکستان بڑے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے،نواز شریف کی واپسی کی خبریں آ رہی ہیں تو حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، اگر نئے ٹیکس لگ گئے تو عوام زندہ درگور ہو جائیں گے۔

ملک کو بچانا ہے تو نالائق و ناکام حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا،ہزاروں کارکنوں نے لالچ سے پاک ہو کر پاکستان کے لیے قربانی دی، ہفتہ کو عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محفوظ و خوشحال ملک بنانا چاہتے ہیں تو لیگی کارکنوں کو جدوجہد کو اپنانا ہو گا اور تصویروں کی سیاست سے پاکستان نہیں بن سکتا بلکہ ڈسپلن سے بنے گا، اس لیے ن لیگی کارکن ڈسپلن توڑنے کی روش ترک کریں،احسن اقبال نے کہا کہ حزب اختلاف کے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور الیکشن کمیشن کا بلدیاتی و عام انتخابات میں اہم کردار ادا کرے گا،حکومت مذاکرات جلد مکمل کرے تاکہ اتفاق رائے سے تعیناتیاں ہوں اور حزب اختلاف کسی قسم کا ڈیڈلاک پیدا نہیں کرے گی،

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف سے وزیر اعظم کی بات نہ ہونے کے باعث عہدے خالی ہیں۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے الیکشن کمیشن کے عہدے خالی ہیں اور آنے والے دنوں میں حکومت کے اتحادی بھی چھوڑ کر جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک معاشی طور پر تباہ ہوا ہے اور اگر نئے ٹیکس لگ گئے تو عوام زندہ درگور ہو جائیں گے۔ ملک کو بچانا ہے تو نالائق و ناکام حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف کو معالجین کہیں تو وہ ایک دن ضائع کیے بغیر وطن واپس آئیں گے اور اب جب نواز شریف کی واپسی کی خبریں آ رہی ہیں تو حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔