اوکاڑہ(رپورٹنگ آن لائن) جمعیت علماءاسلام پاکستان کے مرکزی سربراہ و پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران اپنی گیدڑبھبکیوں سے اپوزیشن کا رستہ نہیں روک سکتے بغاوت کے مقدمہ والا تیر ٹھس ہوگیا ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ہمارے خوف سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں نے پاکستان کے آئین سے بغاوت کی پی ڈی ایم پاکستان کے کروڑوں عوام کا نمائندہ اتحاد ہے آئین پاکستان کی بالا دستی اور عوام کی خوشحالی کیلئے چل پڑے ہیں
انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت پر بغاوت کا مقدمہ بناکر حکمران اپنا آخری تیربھی چلا بیٹھے ہیں جو ٹھس ہو گیا ہے اپوزیشن اپنے طے شدہ لائحہ عمل کو پایہ تکمیل پہنچانے کیلئے تیار ہو چکی ہے حکمران گیدڑ بھبکیوں سے ہمارا رستہ نہیں روک پائیں گے غدار ہم نہیں بلکہ وہ ہیں جنہوں نے انتخابات میں دھاندلی کی ہے
انہوں نے کہا کہ حکمران نیب سے ہمیں ڈراناچاہتے ہیں ہم ڈرنے والے نہیں ہیں بلکہ پی ٹی آئی کے حکمران ہمارے خوف سے تھر تھرکانپ رہے ہیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم پاکستان کے کروڑوں عوام کا نمائندہ اتحاد ہے جس کا کارواں آئین پاکستان کی بالا دستی،ملک کے تحفظ ومعیشت کی مضبوطی اور عوام کی خوشحالی کیلئے چل پڑا ہے اسکے رستہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا نام و نشاں نہیں رہے گا ۔








