محمد جاوید قصوری 51

حکمرانوںنے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا ، حالات سنگین ہو گئے ہیں’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوامی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے، سردی کی لہر میں اضافے کے ساتھ ہی گھروں میں گیس کی فراہمی معطل ہو جانا معمول بن چکا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں،گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں جبکہ خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بدانتظامی کے باعث عوام کو بنیادی سہولت سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی موسم سرما نے شدت اختیار کی، گیس غائب ہو گئی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حکومت کے پاس نہ کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کے حل کا کوئی واضح لائحہ عمل۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی کے باعث صرف گھریلو صارفین ہی نہیں بلکہ صنعتی شعبہ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔

فیکٹریاں اور کارخانے بند ہونے سے مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس نہ ملنے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور برآمدات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ گیس نہ ہونے کے باعث عوام مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، جس کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ یہ صورتحال مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے مزید اذیت کا باعث بن چکی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عوام سے ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں تو پھر انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی کیوں؟۔محمد جاوید قصوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، گیس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کے بجائے ریلیف فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں