حماس 188

حماس فلسطین میں قومی شراکت کے اصول کے تحت آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی خواہاں ہے،رہنماء حماس

استنبول (ر پورٹنگ آن لائن)حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن حسام بدران نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطین میں قومی شراکت کے اصول کے تحت آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی خواہاں ہے،اس وقت قضیہ فلسطین اپنی تاریخ کے خطرناک دور سے گذر رہا ہے اور حقیقی معنوں میں قضیہ فلسطین کا وجود مٹایا جا رہا ہے، ایسے میں فلسطین کی تمام سیاسی قوتوں کے درمیان مصالحت اور آزادانہ انتخابات کی ضرورت ہے تاکہ فلسطین کی ایک نئی قیادت کو زمام کار سونپی جاسکے۔

ایک انٹرویو میںحسام بدران نے کہا کہ حماس اور فتح نے استنبول میں تین روز تک جاری رہنے والے مذاکرات میں قومی سیاسی شراکت کے اصول کے مطابق مصالحتی عمل بڑھایا ہے۔ دونوں جماعتوں کا فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے شیڈول پر اتفاق اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطینی قوم کی مضبوطی کی خشت اول اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے والی چٹان فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل حماس اور فتح نے استنبول میں مصالحتی مذاکرات میں چھ ماہ کے دوران پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے وفود بدستورترکی میں موجود ہیں جہاں وہ مصالحتی بات چیت کو مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں