حلیم عادل شیخ

حلیم عادل شیخ کی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، امت مسلمہ سے اتحاد کی اپیل

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم اور نہتے فلسطینی عوام پر مسلسل بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کیا اور گزشتہ کئی دھایوں سے فلسطین کے بے گناہ شہریوں کے گھروں اور مساجد کو نشانہ بنا رہا ہے، جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ظلم، جبر اور بربریت کی بدترین مثال ہے، اور یہ کہ اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی کیونکہ غزہ میں کھلے عام انسانیت کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیلی جارحیت بے لگام ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پوری دنیا کی عوام غزہ پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے، لیکن عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی اس ظلم کے خلاف اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف مشرق وسطی بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرناک ہے۔حلیم عادل شیخ نے زور دیا کہ امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اسرائیلی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک اگر اب بھی خاموش رہے تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا ہم کسی صورت میں بھی اسرائیلی جارحیت کو قبول نہیں کریں گے، اور حکومت پاکستان کو اس کے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “عمران خان فلسطین اور کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں، مگر آج انہیں جیل میں قید رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ وہ مظلوموں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ امت مسلمہ جاگے اور عملی اقدامات کرے۔ ہم ہر سطح پر فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اب مزید اسرائیلی جارحیت برادشت نہیں کی جاسکتی۔