لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا ہے کہ واقعہ کربلا ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، حضرت امام حسین نے اپنی عظیم اور لازوال قربانی سے ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔اپنے بیان میںانہوںنے کہا کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔
اعلی مقاصد، استقامت اور حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء نے ثابت قدم رہ کر بتا دیا کہ حق پر ڈٹ جانا ہی اصل فتح اور کامیابی ہے اور یہی وجہ ہے کہ 1400سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کاذکرکیا جاتا ہے اور یزید کا نام لیوا بھی کوئی نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ رب تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں بھی شہدائے کربلا کی عظیم اور لازوال قربانی کی پیروی کی تقلید کرنے کی ہمت عطا کرے۔