اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ آج 5 جنوری یوم حق خود ارادیت کے موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں، 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا قرارداد منظور کیا تھا،
بدھ کو یوم حق خود ارادیت پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا بدقسمتی سے اقوام متحدہ 70 سال سے زائد عرصے سے کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد نہیں کروا سکی، اقوام متحدہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارت کے بے مثال مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، رحمان ملک نے کہا اقوام متحدہ اپنی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلا دیں، حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت کے ناجائز اور ظالمانہ قبضے سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رہیگی۔









