اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج کا دن اللہ سبحان تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اس پاک پروردگار نے ہمیں نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا امتی ہونے کا شرف بخشا،زندگی کے ہر میدان میں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر خارجہ نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مقدس موقع پر پاکستانی قوم اور تمام امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اللہ سبحان تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اس پاک پروردگار نے ہمیں نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا امتی ہونے کا شرف بخشا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ۔ زندگی کے ہر میدان میں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ کی پیروی ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فضائیں درود و سلام کے نذرانوں سے معطر ہیں۔ وزیر خارجہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی آج کے دن کے صدقے پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے اور اسے تاقیامت قائم و دائم رکھے، خطے میں امن و امان قائم ہو ، تعمیر و ترقی کے دروازے کھلیں، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کءدہائیوں سے مصروف نہتے کشمیریوں کو ان کا حق ملے اور اتحاد امت و اتحاد بین المسلمین کیلئے بھی دعا کی ۔