لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ حضرت علی کی شجاعت، بہادری اور جرات لازوال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور رسول اللہ ۖ نے حضرت علی کو علم کا شہر قرار دیا۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حضرت علی کی طرز زندگی نے ہمیں کئی اہم سبق سکھائے ہیں اور شہادت کے وقت بھی انہوں نے نماز کو ترجیح دی، جو ان کی اعلیٰ اخلاقی اور روحانی شخصیت کا عکاس ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ یوم علی کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ نکالے گئے جلوس اور مجالس عزا کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکار مکمل چاق و چوبند ہیں اور احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر قسم کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تمام جلوس نماز مغرب سے قبل اختتام پذیر ہوں گے اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اور سیکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدامات کے ذریعے عوام کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر متحرک ہیں۔









