محمد جاوید قصوری

حسینیت اور یذیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے’ محمد جاوید قصوری

لاہو ر( رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امام حسین نے انسانیت کو باطل کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا ہے،محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے حکومت ،بالخصوض ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنا اپنا کردار ادا کریں.

اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن سے عوام کے جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے گا،امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے،اس لئے ضرورت اس امر کی ہے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین سے محبت دراصل حضور نبی کریم سے محبت ہے۔ ذکر حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھ فکر حسین رضی اللہ عنہ کو بھی اپنانا چاہیے۔

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے خون سے دین اسلام کے پودے کی آبیاری کی۔حسینیت اور یذیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے۔ حضرت امام حسین جرات و استقامت اور حریت و عزیمت کا استعارہ ہیں۔شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ اہل حق حسینی جذبے سے سرشار ہو کر ہر دور کی یذیدی قوتوں کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ غلبہ حق کے لئے سیدنا امام حسین کا لافانی کردار تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔آج ایک مرتبہ پھر سے کفار چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں .

غزہ میں نسل کشی جار ی ہے ،گریٹر اسرائیل کا خواب پورا کرنے کے لئے دنیا کی تمام دشمن قوتیں متحد ہو چکی ہیں ، ہمیں با ہمی اختلافات بھلا کر ان کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہر ہ کرنا ہو گا ۔محمد جا وید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اہل بیت وصحابہ ایمان وہدایت کے روشن چراغ اور ان کی محبت ایمان کی ضامن ہے، شہدائے کربلا کے صبر واستقامت دین اسلام کی بقاکا اصل وجود ہے.

شہدائے کربلا کے صبر واستقامت کی مثال لوگ رہتی دنیا تک دیتے رہیں گے۔ دین اسلام ایک زندہ،فعال اور معاشرہ ساز دین ہے یہ صرف فرد کی اصلاح کا پیغام نہیں دیتا بلکہ پورے معاشرے کی تطہیر،بلندی اور عدل کا نظام بھی پیش کرتا ہے اسی بنیاد پر قرآن مجید نے مسلمانوں کو بہترین امت قرار دیا۔