لاہور ہائی کورٹ

حسان نیازی کوپنجاب بار کونسل کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دینے کیلئے دائر درخواست مسترد

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے 9مئی کے مقدمات میں کوٹ لکھپت جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کوپنجاب بار کونسل کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت کیلئے دائر درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مسترد کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے اعتراضی درخواست پر سماعت کی ۔

رجسٹرار آفس نے متعلقہ فورم سے رجوع نہ کرنے اوردرخواست گزار پر متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔اعتراض میں کہا گیا کہ ماضی میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہو۔ درخواست حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے فرخ الیاس چیمہ کے توسط سے دائر کی تھی جس میںپنجاب حکومت ، سیکرٹری داخلہ اور و دیگر کو فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پنجاب بارکونسل کے انتخابات یکم نومبر کو ہو رہے ہیں،حسان نیازی نو مئی کا قیدی اور بار کونسل کا ممبر ہے،آئین کے تحت کسی شہری کوووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا،استدعا ہے عدالت حسان نیازی کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے احکامات صادر کرے۔