فواد سینیورا 47

حزب اللہ کے ہتھیار لبنان کے لیے وبال بن گئے ہیں،سابق لبنانی وزیر اعظم

بیروت (رپورٹنگ آن لائن)لبنان کے سابق وزیر اعظم فواد سینیورا نے خبردار کیا ہے کہ حزب اللہ کے پاس موجود ہتھیار اب لبنان کے تحفظ کا ذریعہ نہیں رہے بلکہ یہ ملک کے لیے ایک بوجھ اور وبال بن چکے ہیں۔

یہ ہتھیار ماضی میں بھی لبنان کو جنگ کی طرف کھینچ کر لے گئے تھے اور لبنانی عوام کو خطرات میں جھونک چکے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا آج حزب اللہ اور اس کے ہتھیاروں کی وجہ سے لبنان کے ایک جانب چٹان ہے اور دوسری جانب سخت پتھر ہے۔ ان دونوں کے درمیان لبنان پھنس کر رہ گیا ہے۔ اسرائیل ایک طرف سے جارحیت کر رہا ہے اور دوسری جانب ایران اور حزب اللہ ان ہتھیاروں کو نہ چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں۔ یہ ایک مشکل صورت حال ہے۔

سینیورا نے کہا لبنان کی حکومت نے حالیہ دنوں میں حزب اللہ کے ہتھیاروں سے متعلق ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے اور اب حکومت اس اعلان پر عمل کے لیے بھی تیار ہے۔ اس لیے ہماری ترجیح لازمی طور پر حزب اللہ کے ہتھیاروں کا خاتمہ ہونی چاہیے۔ تاکہ اختیار اور ہتھیار دونوں حکومتی اداروں کو منتقل ہو سکیں۔سابق وزیر اعظم نے زور دے کر کہاکہ حزب اللہ کا ہتھیار رکھنے پر اصرار نے ملک کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔حزب اللہ کے پاس ہتھیاروں کی موجودگی لبنان کے لیے وبال بن گئی ہے۔ اسرائیل حزب اللہ کے ان ہتھیاروں کو شکاریوں کی طرح نشانہ بنا رہا ہے جبکہ وہ اسرائیل کو جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں