تہران (رپورٹنگ آن لائن )ایران کے رہنمائے اعلی علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے اعلی کمانڈروں کی ہلاکت سے گروپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے فوجی اہلکاروں اور 1980-88 کی ایران-عراق جنگ کے سابق فوجیوں کے ساتھ ایک ملاقات میں کہاکہ حزب اللہ کے بعض مثر اور قیمتی افراد شہید ہوئے جس سے بلاشبہ اسے نقصان پہنچا لیکن یہ ایسا نقصان نہیں تھا جو گروپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے۔انہوں نے کہا، حزب اللہ کی تنظیمی اور انسانی طاقت اس سے کہیں زیادہ ہے۔
ان کا اختیار، صلاحیتیں اور طاقت اس سے کہیں زیادہ ہے اور ان شہادتوں سے اس کا کوئی تشویش ناک نقصان نہیں ہو سکتا۔اسرائیل نے گذشتہ ہفتے حزب اللہ کے مواصلاتی آلات کو نشانہ بنایا جس کے بعد سے تشدد میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔خامنہ ای نے کہاکہ حزب اللہ نے تنازع کے آغاز سے ہی غزہ کی حفاظت کی ہے۔
خامنہ ای نے کہاکہ آج تک فتح فلسطینی مزاحمت اور حزب اللہ کو ہی ملتی رہی ہے۔ اس جنگ میں آخری فتح مزاحمتی محاذ اور حزب اللہ کی ہو گی۔