' اشرف بھٹی

حزب اختلاف کی جماعتیں بجلی ، گیس کی قیمتوں میں کمی کیلئے حکومت پر دبائو ڈالیں’ اشرف بھٹی

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے بجلی کے بعد گیس کے نرخوں میں اضافے کے مجوزہ فیصلے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے نا عاقبت اندیش فیصلوں کے ذریعے پسے ہوئے طبقات کے خلاف بر سر پیکار ہے ،موجودہ دور حکومت میں عوام ریلیف جیسے لفظ سے نا آشناہو گئے ہیں ، حکومت عالمی مالیاتی اداروںکی شرائط کو پورا کرنے کے لئے عوام کاخون نچوڑ رہی ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ مجوزہ فیصلے کے مطابق مختلف سلیبز کے گیس کے بلوںمیں 550روپے سے لے کر 9 ہزار روپے سے زائد تک کا ا ضافہ ہوجائے گا جو سراسرظلم اور ناانصافی ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے کیونکہ اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کے خلاف جلدمتفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ اپنا کردار اداکریں اورحکومت پربجلی او رگیس کی قیمتوںمیں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کیلئے دبائو ڈالیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت جس طرح کے یکطرفہ اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوںگے اور ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں جنہیں سنبھالنا حکومت کے بس سے باہر ہو جائے۔