اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو خیر مقدم کرتے ہیں انہیں کنٹینرز کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی دیں گے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے بدر رشید سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے اور حکومت بارہا کہہ چکی ہے کہ بدر رشید کا ان سے تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے حامی نہیں ہیں اور اس کے برعکس مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا اور ہم پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جمہوریت میں سڑکوں پر آنے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اگر انہیں کنٹینرز کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی ہم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت پر مختلف قسم کے الزامات لگائیں گی۔