لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیٹی اب تنہا نہیں، وہ ہر بیٹی کے ساتھ کھڑی ہیں۔
مریم نواز نے گوجرانوالہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن کی ایتھلیٹ حرم ریحان کو بھارتی ریکارڈ توڑنے اور اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے پر شاباش اور مبارکباد دی۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ حرم ریحان نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ کے ساتھ 143 مرتبہ knee strike کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا اور چھ سال پرانا بھارتی کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
وزیراعلیٰ نے حرم ریحان کی شاندار کامیابی پر انہیں اور ان کے کوچنگ سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حرم ریحان نے بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر پاکستانی پرچم بلند کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹی اب تنہا نہیں، وہ ہر بیٹی کے ساتھ کھڑی ہیں، ان کے بقول حرم ریحان دیگر بیٹیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر پنجاب کی بیٹی ہمت کرے تو دنیا کو حیران کر سکتی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ ریاست ماں کی طرح اپنے نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت پنجاب نوجوانوں کے خواب پورے کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں۔








