شاہ سلمان بن عبدالعزیز 23

حرمین شریفین کی خدمت کے ثابت قدم نہج پر گامزن ہیں، شاہ سلمان

ریاض (رپورٹنگ آن لائن )سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

یہ مبارکباد سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ان کی جانب سے دیئے گئے ایک پیغام میں پیش کی۔شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں فرمایاکہ ہم آپ کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، جس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور اس میں ایک ایسی رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ ہم اللہ سبحانہ و تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں روزوں، قیام اور عبادات کی ادائیگی میں مدد فرمائے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم خدائے بزرگ و برتر کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمارے اس مبارک ملک کو حرمین شریفین اور وہاں آنے والے حجاج، معتمرین اور زائرین کی خدمت کے شرف سے نوازا۔

ہم اللہ کی مدد سے اس ثابت قدم نہج پر گامزن ہیں جس پر اس ریاست کے حکمران چلتے آ رہے ہیں۔سعودی فرمانروا نے کہا کہ ماہ رمضان تزکیہ نفس، نیک اعمال، باہمی ہمدردی و تعاون کے فروغ اور اللہ عزوجل کی ظاہری و باطنی نعمتوں پر شکر گزاری کا عظیم موقع ہے۔ ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس ماہِ فضیل میں ہمیں برکتیں عطا فرمائے، ہمارے نیک اعمال قبول فرمائے، ہمارے ملک میں امن و خوشحالی کو دوام بخشے اور فلسطین میں موجود ہمارے بھائیوں، امت مسلمہ اور پوری دنیا کو امن و استحکام کی نعمت سے نوازے۔شاہ سلمان نے اپنے ایکس اکانٹ پر بھی تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم آپ کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے، آپ کے اور تمام مسلمانوں کے لیے اس ماہ میں برکتیں فرمائے، ہماری طرف سے نیک اعمال قبول کرے اور ہمارے ملک میں امن و خوشحالی برقرار رکھے۔

رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو اسلامی ممالک کے قائدین کی جانب سے تہنیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ شاہ سلمان اور ولی عہد نے ان کے نیک جذبات اور دعاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جوابی تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس مبارک موقع کو امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، دائمی امن اور استحکام کا ذریعہ بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں