شوہر سے طلاق

حد سے زیادہ محبت کرنے پربھارتی خاتون نے شوہر سے طلاق مانگ لی

نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن) ایک بھارتی مسلمان خاتون نے شادی کے 18 ماہ بعد عدالت میں دعوی دائر کیا ہے کہ اس کا شوہر اس سے بے حد محبت کرتا ہے۔ اس لیے عدالت اسے طلاق دلوائے۔

اگرچہ عدالت بھی خاتون کے اس حیران کن مطالبے پر ششدر رہ گئی مگر جج کی طرف سے میاں بیوی کے درمیان افہام وتفہیم کے لیے انہیں ایک اور موقع دیا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے مدعیہ نے کہا کہ اس کا شوہر اس سے بہت زیادہ محبت کرتا ہے۔

شادی کے بعد ڈیڑھ سال میں ان کے درمیان کوئی ایک بار بھی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔ شوہر نے اس کی کوئی ڈانٹ ڈپٹ نہیں کی۔ حتی کہ کبھی اس کے سامنے اونچی آواز میں بولا تک نہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر کی طرف سے اس کے ساتھ بے انتہا پیار اسے اچھا نہیں لگتا۔

شوہر کی اٹوٹ محبت سے اسے گھٹن محسوس ہوتی ہے۔ابتدائی طور پر جج نے خاتون کا دعوی مسترد کردیا ۔ دوسری طرف شوہر کا کہنا تھا کہ میں اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں اور میں اسے ہمیشہ خوش وخرم دیکھنا چاہتا ہوں۔

اس نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ بیوی کا دعوی مسترد کردے تاہم عدالت نے دونوں سے کہا کہ وہ اس معاملے کو باہمی مشاورت سے حل کریں۔