طلحہ محمود

حج عظیم فریضہ ہے، پاکستانی عازمین دوران حج صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ، طلحہ محمود

جدہ(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود نے کہاہے کہ حج ایک عظیم فریضہ ہے،

پاکستانی عازمین دوران حج صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سعودی قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ پیر کو جدہ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئیوفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وہ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک عام حاجی کی طرح حج کرنے پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی سعودی عرب میں اپنے ملک کے سفیر ہیں۔انہوں نے کہاکہ 24 گھنٹے کے اندر اندر مخصوص پورٹل عازمین حج کی شکایات کے ازالہ کے لئے کام کر رہا ہے۔ دنیا بھر سے 20لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج اداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں سعودی حکام کی طرف سے بے مثال تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ قبل ازیں جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر حکام نیوفاقی وزیر مذہبی امور کا پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے اپنے خرچ پر سعودی عرب کا سفر کیا اور وہ سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کے ساتھ قیام کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر عمرہ ادا کریں گے اور حج کے انتظامات پر تبادلہ خیال کے لئے سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، اس کے علاوہ جدہ میں وہ بین الاقوامی حج کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے۔ سعودی عرب میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد یوم عرفات (یوم عرفہ) 27 جون کو ہو گا۔ سعودی حکام نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ منیٰ کی وادی میں ضروری انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔ پاکستان حج مشن بھی اپنے عازمین کی سہولت کے لیے ڈائریکٹر معاونین سجاد حیدر یلدرم کی خصوصی نگرانی میں چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔