سعودی وزارت

حج سے قبل معتمرین کے سعودی عرب آمد و رفت کا شیڈول طے

ریاض (رپورٹنگ آن لائن )سعودی وزارت داخلہ نے عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانے اور حج کو محفوظ، آسان اور اطمینان بخش طریقے سے انجام دینے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔

عرب ٹی وی کے مطابق اعلان کردہ اقدامات میں اتوار 13 اپریل 2025 کو معتمرین کے سعودی عرب میں داخل ہونے کی آخری تاریخ مقرر کرنا بھی شامل ہے۔اعلان میں کہا گیا کہ معتمرین کے سعودی عرب چھوڑنے کی آخری تاریخ منگل 29 اپریل 2025 ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے بدھ 23 اپریل سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے خواہشمند رہائشیوں کو متعلقہ حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

مکہ مکرمہ میں داخلے کے اجازت نامے لینے والوں میں وہ رہائشی شامل ہیں جن کے پاس مجاز اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ مقدس مقامات میں کام کرنے کا پرمٹ ہوگا۔ وہ لوگ جن کے پاس مکہ مکرمہ کی طرف سے جاری کردہ رہائشی شناختی کارڈ ہے یا وہ لوگ جن کے پاس حج پرمٹ ہیں۔ حج کے موسم میں کام کرنے والے باشندوں کے لیے مقدس شہر میں داخلے کے اجازت نامے پلیٹ فارم ابشر اور مقامی پورٹل کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جاری کیے جاتے ہیں۔

دریں اثنا وزارت داخلہ نے 29 اپریل بروز منگل سے 10 جون 2025 بروز پیر تک مملکت کے شہریوں، خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور سعودی عرب میں مقیم افراد اور دیگر ویزوں کے حامل افراد کے عمرہ پرمٹ کا اجرا معطل کردیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ تمام قسم کے ویزوں کے حامل افراد کے لیے مکہ شہر میں داخلے یا قیام کی اجازت نہیں دے گا۔ صرف ان لوگوں کو اجازت دی جائے گی جنہوں نے حج کا ویزا حاصل کیا ہے۔ حج کا سیزن یکم ذوالقعدہ 1446 ہجری مطابق 29 اپریل 2025 سے شروع ہو رہا ہے۔