میئرکراچی

حافظ نعیم الرحمن کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ آئیں اور مل کر اس شہر کی خدمت کریں،میئرکراچی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم نے شہر کی رونقوں کو بحال کرنا شروع کر دیا ہے، 130ایکڑ رقبے پر مشتمل باغ ابن قاسم میں جاگنگ ، واکنگ اور سائیکلنگ ٹریک تعمیر کیا گیا ہے تاکہ شہر کے لوگ صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔یہ بات انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل سٹی کونسل کی خواتین ممبران اور پیپلز پارٹی کی مقامی خواتین نے میئر کراچی کی موجودگی میں جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریک کے افتتاح کیا۔

اس موقع پر میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، پیپلز پارٹی کے سٹی کونسل میںپارلیمانی لیڈر نجمی عالم ، ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری دل محمد، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران اور پیپلز پارٹی کے رہنما بھی موجود تھے۔میئر کراچی نے کہا کہ باغ ابن قاسم تعمیر کرنے کا کریڈٹ بہت سے لوگ لیتے ہیں لیکن پہلی بار یہ پارک 1920میں تعمیر کیا گیا ،یہ ایک تاریخی مقام ہے اور کراچی کے لینڈ مارک کا درجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریک میں ہفتے میں دو دن خواتین کے لیے مختص کیے جائیں گے تاکہ وہ آزادی اور مکمل یکسوئی کے ساتھ سائیکلنگ کر سکیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ محبتوں کا شہر ہے، خلوص کا شہر ہے ، محنت کشوں کا شہر ہے، سب کو مل کر اس شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں پاکستان پویلین بنائیں گے جہاں ثقافتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ہاکی اور کرکٹ کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آنے والا وقت کراچی کے لیے بہتر ہوگا اور شہر قائد کو ہم سب مل کر بہتر سے بہتر بنائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو منصوبے پیش کیے جائیں گے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت ٹف ٹائم دیکھا ہوا ہے اور ہم ہمیشہ اس کے لیے تیار ہوتے ہیں، اچھا اور بُرا وقت آتا رہتا ہے اور ہم برے وقت کو دیکھنا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ آئیں اور مل کر اس شہر کی خدمت کریں، ہمارے دروازے تمام جماعتوں کے لیے کھلے ہوئے ہیں، جو بھی اس شہر کی بہتری ، ترقی چاہتا ہے وہ ہمارے ساتھ اس سفر میں شریک ہوسکتا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر مہمانوں نے اس موقع پر سائیکل چلائی اور شہریوں کو دعوت دی کہ وہ آئیں یہ ٹریک انہی کے لیے تعمیر کیے گیا ہے ،

ہم شہریوں کی امانت انہیں لوٹا رہے ہیں، کراچی کے تمام پارکس، کھیل کے میدان اور کھلے مقامات شہریوں کی امانت ہیں، وہی اس کے اصل وارث ہیں، ہمارا کام اس شہر کی اور اس کے باسیوں کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا یہ فیصلہ ہے کہ وہ کراچی کو زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبے دیں اور اس کے انفراسٹرکچر کو بہتر سے بہتر بنائیں۔