شاہد آفریدی

حارث سادہ بندہ ہے ،شاہد آفریدی کا حارث رؤف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر تبصرہ

اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)سابق کپتان شاہد آفریدی نے قلندرز اور زلمی کے میچ کے دوران حارث رؤف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حارث سادہ بند ہے ۔ ایک انٹرویومیں شاہد آفریدی نے کہا کہ اْن کی حارث سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ بہترین رہی، حارث سادہ سا بندہ ہے اور اس کی بولنگ سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنا جارح مزاج ہے۔انہوں نے کہا کہ حارث نے کوئی اچھی حرکت نہیں کی ہے، اس طرح کی حرکت ٹی وی پر نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں پی ایس ایل دیکھا جارہا ہے اور ایسے میں اس قسم کی حرکت ریکارڈ پر آجاتی ہے۔

سابق کپتان نے کہاکہ کچھ چیزیں اگر ہو جاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور آئندہ احتیاط سے کام لینا چاہیے، فاسٹ بولر کے جارحانہ رویے کے مسائل گْرومنگ اکیڈمی میں حل ہونیچاہئیں۔انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کو آئندہ بہت احتیاط کرنی پڑے گی کیونکہ مستقبل میں اْس کا ایسا رویہ کوئی برداشت نہیں کرے گا جب کہ حارث کی اس حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا لیکن مینجمنٹ کی جانب سے حارث کا دفاع کرنا غلط ہے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران حارث کی گیند پر کامران غلام سے حضرت اللہ زازئی کا کیچ چھوٹ گیا تھا، اسی اوور میں حارث کی گیند پر فواد احمد نے کیچ پکڑا تو کامران غلام حارث سے خوشی سے ملنے آئے تاہم حارث نے انہیں تھپڑ دے مارا۔