شرجیل انعام میمن 18

جی ایس پی پلس پر بیان بازی ناقابلِ قبول ہے، شرجیل انعام میمن میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے جی ایس پی پلس سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قومی مفاد کے خلاف خطرناک قرار دیا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف بیان بازی کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس طرح کے بیانات دراصل ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس نہ صرف پاکستان کو معاشی سہارا فراہم کرتا ہے بلکہ لاکھوں افراد کے روزگار سے براہِ راست جڑا ہوا ہے، ایسے حساس معاملے پر سیاسی مقاصد کے تحت بات کرنا انتہائی غیر ذمے دارانہ عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا بنیادی مسئلہ جھوٹ بولنا اور اسے مسلسل دہراتے رہنا ہے۔انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ نے جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ ان کے مطابق حقائق اس کے برعکس ہیں اور اس قسم کی وضاحتیں عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ متعلقہ گفتگو میں بھارت نواز افراد بھی موجود تھے، لیکن انہوں نے بھی ایسا موقف اختیار نہیں کیا جیسا بانی پی ٹی آئی کے خاندان کی جانب سے سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی گئی، حقیقت کے منافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس طرح مخصوص حلقے مسلسل ملک کے خلاف بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں اور اپنی ذاتی و سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے بھی گریز نہیں کر رہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں اتحاد، سنجیدگی اور ذمے دارانہ رویے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کچھ عناصر ذاتی مفادات کے لیے ملک کے خلاف بیانیہ بنا رہے ہیں، جو نہ صرف قابل مذمت بلکہ ناقابل قبول بھی ہے۔شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ قومی مفاد کو سیاست کی نذر کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی، اور قوم ایسے طرز عمل کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں