اعظم نذیر تارڑ 21

جی الیون کچہری بم دھماکے کے متاثرین کیلئے وزیراعظم کی منظوری سے جامع امدادی پیکج تیار ہو چکا ہے،وزیر قانون

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فوری اقدامات اٹھائے گئے اور اب ایک مکمل امدادی پیکج تیار کر کے منظور کر لیا گیا ہے۔

منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں اسلام آباد کے جی الیون کچہری کے باہر ہونے والے بم دھماکے کے متاثرین کیلئے امدادی پیکج سے متعلق انہوں نے کہا کہ واقعہ نہایت سنجیدہ نوعیت کا تھا اور حکومت نے فوری اور مؤثر رسپانس دیا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں متعدد وکلا شہید اور زخمی ہوئے جن میں سپریم کورٹ کا ایک نوجوان وکیل بھی شامل تھا۔ وزیر قانون نے کہا کہ وہ خود اور وزیر داخلہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور ہسپتال میں موجود رہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہید وکیل کے اہلِ خانہ سے وزارت قانون و انصاف نے فوری رابطہ کیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی اقدامات کا آغاز کیا گیا، زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مالی معاونت بھی کی گئی۔انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری سے ایک جامع امدادی پیکج منظور ہو چکا ہے اور امدادی رقوم کی تقسیم سے متعلق تفصیلات آئندہ ایک دو روز میں جاری کر دی جائیں گی۔وزیر قانون نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں