لاہور(رپورٹنگ آن لائن )ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی نے عالمی فضائی صنعت کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں فی لیٹر 46روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ایئربس اور بوئنگ طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت بڑھ کر 388 روپے فی لیٹر ہو گئی ۔ ماہرین کے مطابق یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 200روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو چکا ہے جو ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ کو جیٹ فیول کی قیمت 188روپے فی لیٹر تھی تاہم مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کے باعث سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی نے تیل کی عالمی منڈی کو غیر مستحکم کر دیا ہے جس سے نہ صرف جیٹ فیول بلکہ دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو فضائی سفر مزید مہنگا ہو سکتا ہے اور ایئرلائنز کو مالی دبا ئوکا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث ایئر لائنز کرایوں میں اضافے پر غور کر رہی ہیں۔








