لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں فیصل آباد جیل ٹرائل میں ڈیفنس کونسل کی تقرری کے خلاف درخواست پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمرایوب کی درخواست پرسماعت کی۔عمر ایوب کی جانب سے زین شیخ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ عمرایوب خان کا انسدادِ دہشتگردی عدالت فیصل آباد جیل میں ٹرائل کررہی ہے، ایک پیشی پر عمرایوب کے وکیل بابراعوان پیش نہیں ہوئے ان کی التوا ء کی درخواست خارج کردی گئی، ان کی مرضی کے بغیر ڈیفنس کونسل مقرر کرکے ان سے سرکاری گواہان پر جرح کروائی گئی۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کیا آپ نے ڈیفنس کونسل کی تقرری کو چیلنج کیا، وکیل نے جواب دیا جی چیلنج کیا گیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے تمام وکالت نامے واپس لینے کی درخواستیں دائر کیں تو اس وقت ملزم وہاں موجود تھا؟ ۔وکیل نے جواب دیا ان کی ہدایات پر درخواستیں دائرکی گئیں۔چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے استفسار کیا بتائیں کیا آپ کے موکل اس وقت یہاں موجود ہیں،وکیل نے بتایا کہ وہ یہاں موجود نہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ انہیں آئندہ سماعت پرعدالت بلوا لیں۔









