شاہ محمود قریشی

جیل میں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے دل جلتے ہیں، باہر موجود رہنما توجہ دیں’شاہ محمود قریشی

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جیل میں پڑے لوگ پی ٹی آئی کی باہر موجود قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں،استدعا ہے کہ آپس میں اتفاق رکھیں اور جیل والوں کے لیے کوئی اقدام کریں۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری جماعت کی قیادت جو باہر ہے ان سے اپیل ہے، برائے مہربانی جو جیل میں پڑے ہیں وہ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ میری دست بستہ استدعا ہے کہ اتفاق رکھیے ، سلوک رکھیے اور جیل والوں کے لیے کوئی اقدام اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر بیان بازی نہ کریں، نقطہ چینی سے بچیں۔ جیل میں جو قیادت اور کارکن پڑے ہیں ان کے دل جلتے ہیں ۔نقطہ نظر مختلف ہو سکتا ہے، احترام کے ساتھ برتا کریں ۔ اپنی صفوں کے اندر یکجہتی رکھیں ۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں قیدی نمبر 805ہوں، قیدی نمبر 805کی یہ اپیل ہے۔

مجھے بانی پی ٹی آئی نے یہ نمبر 805دیا تھا ۔ میں دیانتداری سے کہہ رہا ہوں کہ جن کیسز میں ہم جیل میں ہیں، میں ان میں ملوث نہیں ہوں ۔ میں کسی سازش ، توڑپھوڑ یا واقعے میں موجود نہیں تھا ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میرے خلاف جو مقدمات بنے ہیں، ان میں ایک ہی الزام ہے۔

میرے خلاف پنڈی میں 14مقدمات ، ملتان میں 5مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے۔ لاہور میں 14 مقدمات سے 8میں ضمانت ہو گئی ہے، باقی 6مقدمات رہ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی اپیل کی ہے، اس پر فوکس کر رہا ہوں ۔ میں وزیر اعلی پنجاب کی کارکردگی پر خاموشی اختیار کروں گا ۔ میرا کام آگ لگانا نہیں ہے، آگ بجھانا ہے۔