لاہور( رپورٹنگ آن لائن )وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں کسی بھی قیدی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور امتیازی رویے کی شکایت پر فورا مجھ سے رابطہ کریں تا کہ شکایت گزار کو فوری ریلیف دیا جائے سکے،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے مجھے جیل خانہ جات کا قلمدان شریف خاندان سے سیاسی انتقام کے لیے ہر گز نہیں سونپا گیا، بلکہ مجھے جیل ریفارمز کا اہم کام تفویض کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بغیر پیشگی اطلاع اور شیڈول کے اڈیالہ جیل کے اچانک معائنے کے موقع پر کیا۔ وزیر جیل خانہ جات کی آمد کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن ملک شوکت فیروز اور سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر نے جیل کے انتظامی معاملات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر جیل خانہ جات نے جیل میں قیدیوں کے لیے موجود اسپتال، کچن، سنٹرل کنٹرول روم، لائبریری، درس نظامی کلاسز، انڈسٹریل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں دی جانے والی ٹریننگ اور کورسز کا بھی جائزہ لیا۔
فیاض الحسن چوہان جیل میں موجود بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، ان سے باتیں کیں اور ان کے کھانے اور تعلیم سے متعلق استفسار کیا۔ وزیر جیل خانہ جات نے خواتین قیدیوں کے بیرکس کا بھی خصوصی معائنہ کیا اور ان قیدی خواتین سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا۔