ٹورنٹو (رپورٹنگ آن لائن ) معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ الیکشن جیتیں یا ہاریں الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پرہی ہوگا، ہمیں یا کسی جماعت کودھاندلی کا نہیں کہنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی اوورسیز فورم کے تحت ٹورنٹو میں معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا، پی ٹی آئی اوورسیز پاکستانیوں کی ہر فورم پرآواز بنے گی۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اپوزیشن اوورسیز کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش میں ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کادل ملک کےلئے دھڑکتا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کوووٹ کے حق سے محروم کرنا زیادتی ہوگی۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں سے محبت اور احترام کرتے ہیں، احسن اقبال کہتے ہیں اوورسیزپاکستانیوں کو ملکی صورتحال کاادراک نہیں، انہوں نے بیٹے کو امریکا سے بلا کرالیکشن لڑوایا وہ یہاں کے حالات جانتا تھا، احسن اقبال ہم سے سیاست کریں لیکن اوورسیز سےنفرت نہ کریں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے واضح کیا کہ الیکشن جیتیں یا ہاریں الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پرہی ہوگا، ہمیں یا کسی جماعت کودھاندلی کا نہیں کہنا پڑے گا۔ باباگورو نانک کے جنم دن کے حوالے سے انھوں نے کہا باباگورو نانک کے جنم دن پرسکھوں کوہرممکن سہولت دی جائےگی۔