لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)جہانگیر ترین گروپ کے معاملات بارے پنجاب حکومت کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی،گروپ میں توڑ پھوڑ کے لئے پنجاب حکومت کے ترجمان و صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان متحرک ہوگئے، سردار خرم لغاری نے فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کرلی او ران کی جلد وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے بھی ملاقات ہوگی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کو جہانگیر ترین گروپ کے حوالے سے اہم ٹاسک مل گیا ہے جس کے بعد فیاض چوہان کے ترین گروپ کے ارکان سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنمائوں عبدالحئی دستی اور سردار خرم لغاری سے رابطہ کیا ہے۔ وہ وزیراعظم اور وزیراعلی کی ہدایت پر ترین گروپ سے رابطے کر رہے ہیں۔
ترین گروپ کے ارکان کو رابطوں کے ذریعے پارٹی ڈسپلن کا پابند بنایا جائے گا۔ ان ارکان کے علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترجمان پنجاب حکومت دیگر ارکان سے بھی مرحلہ وار رابطہ کریں گے۔ جہانگیر ترین گروپ کے اہم رکن سردار خرم لغاری نے فیاض الحسن چوہان سے جی او آر میں ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ سردار خرم لغاری کی جلد وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے بھی ملاقات کروائی جائے گی۔