لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے خلاف کسی انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہفتہ کولاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتا،
جہانگیر ترین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین کے خلاف کسی انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، علیم خان اور سبطین خان بھی مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں،
تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بننے سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب نے کہا پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، جہانگیر ترین اور ساتھیوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی بات نہیں کی، چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا پی ڈی ایم بھی کسی خوش فہمی کا شکار نہ ہو، عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے۔