کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سابق رہنما جہانگیر بدر کو انکی برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ جہانگیر بدر مرحوم کی زندگی پیپلز پارٹی کے بنیادی اقدار کی کی عکاسی کرتی ہے، جو جرات، ثابت قدمی اور عوام کی طاقت پر پختہ یقین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر نے آمریتوں کا مقابلہ کیا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر قائد ِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریئے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہانگیر بدر کا سیاسی سفر آج بھی پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جو انہیں اپنے نظریات پر ثابت قدم رہنے اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر بدر مرحوم کی قربانیاں اور ثابتقدمی ہمیشہ پارٹی کی لیگیسی کا ایک قابل فخر حصہ رہیں گی۔