ترجمان پی ڈی ایم

جہانگیرترین اور فضل الرحمان میں خفیہ ملاقات کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ‘ ترجمان پی ڈی ایم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ جہانگیرترین اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان خفیہ ملاقات کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے‘میڈیا ہاوسز خبر شائع کرنے سے پہلے تصدیق کیا کرے‘ مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اور آف شور سیاست پر یقین نہیں رکھتے‘عدم اعتماد تحریک کو کامیاب بنانے کےلئے ملاقاتیں خفیہ نہیں بلکہ قوم کے سامنے ہوگی‘پی ڈی ایم جلد مذاکراتی جرگہ تشکیل دے گی، جرگہ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گی۔

منگل کو حافظ حمد اللہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جن میڈیا ہاوسز نے خفیہ ملاقات کی خبر شائع کی بے بنیاد اور سفید جھوٹ ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاو¿سز خبر شائع کرنے سے پہلے تصدیق کیا کرے، مولانا فضل الرحمان ڈرائنگ روم اور آف شور سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے ملاقاتیں خفیہ نہیں بلکہ قوم کے سامنے ہوگی۔

حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم جلد مذاکراتی جرگہ تشکیل دے گی، جرگہ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے فیصلے کے بعد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔

فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے فون پر جب کہ چوہدری برادران سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی تھی۔