ملک محمد احمد خان

جھوٹے سائفر سے سیاست، معیشت اور ریاست کو خراب کیا گیا’ ملک محمد احمد خان

لاہور( رپوٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ جھوٹے سائفر سے سیاست، معیشت اور ریاست کو خراب کیا گیا، سائفر ہے کہاں، جیب سے جعلی خط لہرانا سب سیاسی رنگ تھا،اتنا بڑا جھوٹ کبھی زندگی میں نہیں سنا جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا، ڈونلڈلوکابانی پی ٹی آئی کے سائفربیان کو جھوٹ کہنا کون سی نئی بات ہے، ہم تو یہ بات ایک عرصہ سے کہہ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خاصا رہا کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں، سائفر کو سیاسی رنگ دیا گیا، حکومت اور عدالت کہہ چکی ہے کہ سائفر کا شوشہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، انہوں نے صرف 25 پٹیشنز دائر کی ہیں، ان پٹیشنز میں جومیٹریل سامنے آیا اسے دھاندلی نہیں بے ضابطگی کہا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں سپیکر ملک محمد احمد خان سے برٹش ہائی کمیشن کی پولیٹیکل کونسلر زو ویئرنے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ کی بالادستی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں برطانوی اداروں کی شراکت لائق تحسین ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دو طرفہ تعاون کو انڈسٹری، زراعت اور دیگر شعبوں میں فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے، اگر نوجوان کو مناسب مواقع میسر ہوں تو بہترنتائج مل سکتے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پولیٹیکل کونسلر کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی اور کمیٹی سسٹم سے آگاہ کیا۔پولیٹیکل کونسلر زو ویئر نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ انگلینڈ میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں شاندار طریقے سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں، برطانیہ اورپاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کے لیے ہم اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ وفد میں برٹش ہائی کمیشن لاہور کی ہیڈ کلارا سترادج اور پولیٹیکل ایڈوائز برٹش ہائی کمیشن طلال رضا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔