عظمی بخاری

جو گڑھے آپ کا نالائق اور بدبخت لیڈر کھود کر گیا تھا شہباز شریف ان کو پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’ عظمی بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ الحمدللہ نواز شریف پاکستان واپس بھی آئے وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی، نواز شریف کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف عمل ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ جو گڑھے آپ کا نالائق اور بدبخت لیڈر کھود کر گیا تھا شہباز شریف ان کو پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف اس قوم کی جان ہیں آن بان ہیں اور شان ہیں، نواز شریف کے بغض میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں، نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں،آپ کے لیڈر کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں۔

انہوںنے کہا کہ حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگتے جیسے بندر غلیل سے بھاگتا ہے، جیل میں آپ کاچور،بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہے لہٰذامذاکرات اور پائوں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے، ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں۔