میونخ (ر پورٹنگ آن لائن)جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے تعطل کے شکار جوہری معاہدے کی بحالی کے امکانات گزرتے وقت کے ساتھ بتدریج کم ہوتے جا رہے ہیں اور ایران میں ملکی قیادت کے لیے اب سچائی کا لمحہ آن پہنچا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ویانا میں جاری ایرانی جوہری مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور گزشتہ چند برسوں سے جمود کی شکار نیوکلیئر ڈیل کی بحالی ممکن ہے۔
تاہم جرمن چانسلر نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اس جوہری معاہدے کی بحالی کے امکانات مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے تہران میں ملکی قیادت کے لیے سچائی کی گھڑی اب آن پہنچی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب ہمارے پاس موقع ہے کہ ایک ایسے معاہدے تک پہنچا جا سکے، جس کے ذریعے ایران کے خلاف عائد پابندیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ لیکن اگر ہم بہت جلد کامیاب نہ ہوئے، تو ویانا بات چیت کے ناکام ہو جانے کا خطرہ بھی اپنی جگہ موجود ہے۔