سلمان اکرم راجہ

جنہوں نے غداری کی انہیں اسمبلی سے ہٹائیں گے اور پارٹی سے بھی فارغ کریں گے، سلمان اکرم راجہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاہے کہ جن لوگوں نے پارٹی سے غداری کی ہے ان کا مستقبل وہی ہوگا جو ایک غدار کا ہونا چاہیئے، ایسے لوگوں کو اسمبلی سے بھی ہٹائیں گے اور پارٹی سے بھی فارغ کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 ججز کے خط کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ آزاد ججز کو نہیں رہنے دینا اس سارے پراسس کا کل ڈراپ سین ہو گیا ہے، کل جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ آپ کے ساتھ ہوا آپ کے بچوں کے ساتھ ہوا، کل پورے قوم کے ساتھ واردات ہوئی ہے، کل سے ہم محکوم ہو گئے ہیں اب ہمارے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں، ہمارا حق ہم سے چھینا گیا، انگریز کے دور میں ایسا وقت نہیں دیکھا، اس ترامیم کے خلاف ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین کی روح پر ایک جعلی اسمبلی سے حملہ کیا گیا، اب انسانی حقوق کو کنٹرول کرنے کے لیے ہائیکورٹ اور سپریم میں جج حکومت لگائے گی یہ فیصلہ ہوا ہے اور جس کمیٹی کے ذریعے یہ ججز لگائے جائیں گے ان میں اکثریت حکومت کی ہمیشہ رہے گی، ہم عدالتوں میں لڑتے رہیں گے مگر اب مدافعت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کا خواب اب بہت دور ہو گیا ہے، انہی آئینی عدالتوں کے پاس جائیں گے مگر ان آئینی عدالتوں سے اب انصاف نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ چارٹر آف ڈیموکریسی بھی دو جماعتوں کے درمیان تھا جو میری نظر میں غلط تھا، کل ایک شخص نے محمد علی جناح سمیت اپنے بزرگوں کا نام لے کر پورے نظام اور آئین کو تباہ کردیا ہے، جب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے خط لکھا تو اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ہم نے عدلیہ میں آزاد ججز کو نہیں رہنے دینا، یہ کہا گیا کہ آگر ہم ان کے بیڈروم میں کیمرے لگاتے ہیں تو یہ ہمارے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیں۔ اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی حامد خان 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا دوہزار سات کی طرح عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کریں گے۔