عثمان بزدار

جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل اب ملتان اوربہاولپور میں ہی حل ہوں گے، وزیراعلی پنجاب

ڈیرہ غازی خان(رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل اب ملتان اوربہاولپور میں ہی حل ہوں گے، علاقے میں لائیو ا سٹاک کے فروغ کیلئے 50ہزار تک قرضے دئیے جائیں گے، 740 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ عوام دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے، نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی آف تونسہ بنا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے بارتھی میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہماضی میں نظر انداز کئے گئے پسماندہ علاقوں میں شفافیت کےساتھ ریکارڈترقیاتی منصوبے مکمل کرارہے ہیں، وہاں بھی کام کروارہے ہیں جہاں کوئی کام نہیں ہوا تھا۔ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے جنوبی پنجاب کے لئے ایک لاکھ 30ہزار نوکریاں دینے کا اعلان کیا اور بتایا کہ بلوچ لیویز اوربارڈر ملٹری پولیس میں بھرتیاں کررہے ہیں، اس کے علاوہ علاقے کے نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی آف تونسہ بنا رہے ہیں، وہ وقت آرہا ہے جب تحصیل کوہ سلیمان میں تمام سہولتیں میسر ہوں گی۔

عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کےلئے عوام سے رابطے میں ہوں، بارتھی پسماندہ ترین علاقہ تھا ، ساڑھے3برس میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہو گیا، 740 ارب روپےکا ترقیاتی بجٹ عوام دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں لائیو ا سٹاک کے فروغ کیلئے 50ہزار تک قرضے دئیے جائیں گے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل اب ملتان اوربہاولپور میں ہی حل ہوں گے۔ اس سے قبل وزیراعلی پنجاب مختصر دورے پر تونسہ پہنچے ، جہاں انہوں نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیر اعلی عثمان بزدار فردا فردا ہر شخص کے پاس گئے اور مصافحہ کیا اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔