لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حکومت کا منصوبہ ہے کوئی سبوتاژ نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب ہماری کمٹمنٹ ہے اسے نبھائیں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حکومت کا منصوبہ ہے کوئی سبوتاژ نہیں کرسکتا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مستقل ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات ہوگا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کی32 فیصد آبادی کیلئے17فیصد بجٹ دیا گیا،موجودہ حکومت نے اسکولوں کی اپ گریڈیشن میں جنوبی پنجاب کو 38 فیصد حصہ دیا، پسماندہ اوردور دراز علاقوں میں نئےاسکول،ڈسپنسریاں بنائیں گے ۔ رکن قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اگلےبجٹ میں جنوبی پنجاب کےلئے الگ اےڈی پی بک بنائیں گے کیونکہ جنوبی پنجاب بدلے گا تو پنجاب بدلے گا۔