جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ اگلے برس جنوری میں آسٹریلیا میں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز سے دستبردار ہو گیا

سڈنی (رپورٹنگ آن لائن)جنوبی افریقہ اگلے برس جنوری میں آسٹریلیا میں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز سے دستبردار ہو گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز ری شیڈول کرنے کا کہا تھا تاہم انٹرنیشنل کرکٹ میں مصروفیات کے باعث اسے متبادل تاریخیں نہ مل سکیںاس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ ون ڈے میچز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سپر لیگ کا حصہ تھے، لیگ سے ٹیمیں براہِ راست ورلڈ کپ 2023ء میں کوالیفائی کر سکتی ہیں، ون ڈے میچز کوالیفکیشن کی کٹ آف ڈیٹ 30 مئی سے پہلے نہیں کھیلے جائیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے آئی سی سی کی منظوری سے پوائنٹس آسٹریلیا کو دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے، جنوبی افریقہ کے سیریز سے دستبردار ہونے پر شیڈول میں معمولی رد و بدل کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے سیریز سے دستبردار ہونے پر ورلڈ کپ میں براہِ راست کوالیفائی کرنا مشکوک ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچز 12، 14 اور 17 جنوری کو کھیلے جانے تھے۔