لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کے لیبر روم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لئے بڑا اقدام اٹھایا ہے جو گائنی کے مریضوں کو بر وقت معیاری طبی سہولیات بہم پہنچانے اور ماں و بچہ کی صحت کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔
اس ضمن میں لاہور جنرل ہسپتال کے لیبر روم وایمرجنسی میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سرجیکل آلات کی کٹس میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے تاکہ ڈلیوری و دیگر سرجری کے سلسلے میں آنے والی خواتین کو انتظار کی زحمت گوارا نہ کرنی پڑے اور انہیں سٹرالائز(جراثیم سے پاک) آلات فوری طور پر میسر آ سکیں اور ان کا آپریشن بر وقت ممکن ہو۔
اس حوالے سے شعبہ گائنی ایمرجنسی کی فوکل پرسن ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتا یا کہ لیبر روم میں کٹس کی تعداد 10سے بڑھا کر 40کر دی گئی ہے جس سے خواتین مریضوں کو خاطر خواہ مدد حاصل ہوگی۔ اس موقع پرڈاکٹر لیلیٰ شفیق کے علاوہ انور سلطانہ،زیب النساء،نسرین ہاشمی،کشور صدیق اور شائستہ رزاق بھی موجود تھیں۔
میڈیا سے گفتگو میں معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ لیبر روم آپریشن تھیٹرمیں انفیکشن فری ماحول کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ آپریشن کے مرحلہ سے گزرنے والی خواتین سرجری کے بعد کسی قسم کی پیچیدگی میں مبتلا ہو کر زیادہ دیر تک ہسپتال نہ رہیں اور ان کے زخم جلد مندمل ہو جائیں۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے مزید کہا کہ انفیکشن فری ماحول کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ” سی سیکشن” کرانے والی خواتین و نومولود بچے بھی انفیکشن سے محفوظ رہ سکیں گے اور ان شیر خوار بچوں کی صحت پر کمپرومائز نہیں ہو گا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حمل کے د وران عطائی ڈاکٹروں اور غیر تربیت یافتہ دائیوں کی بجائے مستند لیڈی ڈاکٹرز اور ایل ایچ وی سے معائنہ کروایاجائے تاکہ زچگی کے وقت کسی سنگین صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے اور زچہ و بچہ کی زندگی کو خطرات لاحق نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد شہریوں کو مفت طبی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں بالخصوص پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے علاج معالجہ کا معیار بلند ہوگا۔