جنرل ہسپتال 186

جنرل ہسپتال کے9 مرحوم ملازمین کے ورثاء کیلئے ایک کروڑ68 لاکھ روپے کی مالی امداد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب حکومت نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال میں ملازمت کے دوران اپنے خالق حقیقی سے جا ملنے والے 9ملازمین کے قانونی ورثاء کے لئے ایک کروڑ68 لاکھ روپے جاری کر دیے ہیں۔مرحومین کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری ملازمین اور اُن کے خاندانوں کے تحفظ کا خصوصی خیال رکھتی ہے اور اسی امر کے تحت ملازمت کے دوران وفات پا جانے والوں کے لواحقین کو معقول مالی مدد فراہم کی جا تی ہے تاکہ وہ باعزت طور پر زندگی بسر کر سکیں جبکہ مرحوم سرکاری ملازمین کے پسماندگا ن کو قوانین کے مطابق دیگر مراعات بھی دی جاتی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی جی ایم آئی اور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے ان 9ملازمین کی دستاویزات کی تیاری میں کم سے کم وقت لیا ہے اور اُن کا حق اُن کے خاندان تک جلد از جلد پہنچانے کی کوشش کی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین کی یہ اخلاقی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں بالخصوص میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ملازمین پر یہ ذمہ داری دو چند ہو جاتی ہے کہ وہ مریضوں کا بہترعلاج معالجہ اور اُن کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے اس مقدس پیشے کے تقاضوں کا خیال رکھیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس اپنے مقدس پیشے کی اساس کا مکمل طور پر خیال رکھتے ہیں جس کا ایک ثبوت ہڈی وارڈ میں کئی ماہ سے مقیم وہ لاوارث مریضہ خاتون ہے جس کے خاندان سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا اور اُس کا علاج معالجے سمیت مسلسل بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت سے وابستہ افراد کا یہی مشن ہے کہ وہ کسی بھی مریض کو بے یارو مدد گار نہ چھوڑیں اور کوئی خونی رشتہ ہو یا نہ ہو اُن کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں