لاہور23نومبر(زاہد انجم سے)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال میں خدمات سر انجام دینے والے 3میڈیکل ٹیچرز پروفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، پروفیسر ڈاکٹر سیمہ مظہر اور پروفیسر ڈاکٹر اجمل فاروق اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی سربراہی میں اُن کے اعزاز میں پر وقار الوداعی تقریب کااہتمام کیا گیا جس میں فیکلٹی ممبران، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹرز،میڈیکل سٹوڈنٹس،ہیلتھ پروفیشنلز اور سرکاری ملازمت سے سبکدوش پروفیسرز کے عزیزو اقارب نے بھی شرکت کی جبکہ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ریٹائر ہونے والے پروفیسرز کو ان کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں گولڈ میڈل، شیلڈز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کے لئے باعزت ریٹائرمنٹ بڑے اعزاز سے کم نہیں ہوتی، میڈیکل سے وابستہ افراد کی زندگی کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور وہ تاحیات اسی مشن کو نبھانے کی جد و جہد جاری رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اُن کی پیشہ وارانہ خدمات سے نہ صرف طب کے شعبے کی نیک نامی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ معاشرہ بھی انہیں تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا بلکہ وہ قوم کی رگوں میں خون بن کر زندہ رہتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ٹیچرز نسلوں کو تربیت دینے اور مستقبل کے ڈاکٹر وں و طبی ماہرین کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں لہذا ان کی خدمات ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل کے اساتذہ اپنے علم و تجربے کو سٹوڈنٹس کو منتقل کر کے خود کو تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھتے ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ریٹائر ہونے والے پروفیسرز کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوران تعیناتی میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت،مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور نوجوان ڈاکٹرز کو اپنے تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں جونوجوان ڈاکٹرز کی عملی زندگی میں اُن کی رہنمائی کرتے رہیں گے اور انہیں ایک اچھا معالج بننے میں مندومعاون ثابت ہوں گے۔
پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر صائمہ امیر، پروفیسر فہیم افضل، پروفیسر شاندانہ طارق، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین سمیت دیگر ساتھی اساتذہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اُن کے مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کا سفر سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے باوجودبھی جاری رکھیں گے۔
ریٹائر ہونے والے پروفیسر صاحبان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا اس ادارے میں خدمات سر انجام دینا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا، وہ یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں لیکن اداروں کو جب بھی ہماری ضرورت ہوئی ہم حاضر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے پروفیسرز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، پھولوں کے گلدستے دیے گئے اور انہیں دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
٭ ٭٭٭