لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کی گرائی جانے والی دیوار کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل

لاہور(زاہد انجم سے)لاہور جنرل ہسپتال سے ملحقہ علاقے کے مکینوں کی جانب سے ایک ہفتہ قبل گرائی جانے والی ہسپتال کی دیوار کی تعمیر کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر لیا گیا۔عید کی چھٹیوں کے دوران پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر 100فٹ لمبی اور15فٹ اونچی دیوار کی تعمیر کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے رہے اور اس طرح ترجیحی بنیادوں پر ایل جی ایچ کی دیوار کی تعمیر کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچا۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسرالفرید ظفر کا کہنا تھا کہ دیوار کی فوری تعمیر کا مقصد ہسپتال کے سکیورٹی معاملات کو فول پروف بنانا تھا تاکہ گری ہوئی دیوار کے راستے جرائم پیشہ عناصر ہسپتال میں داخل نہ ہوں اور طبی عملے کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دیوار کی تعمیر سے مون سون کے دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے پانی کے بہاؤکو ہسپتال آنے سے روکا جا سکے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہسپتال میں عملہ بہترین انداز میں خدمات سر انجام دے سکے گا۔ اس موقع پرایم ایس ڈاکٹرخالد بن اسلم، ڈاکٹر ریاض حفیظ،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و شعبہ ورکس کے ملازمین بھی موجود تھے۔