لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوا زشریف کی ہیلتھ سیکٹر کو فعال اور مستحکم بنانے کی پالیسی کے تحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے لاہور جنرل ہسپتال میں پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) سے منتخب 97نرسز تعینات کر دی ہیں جس سے ہسپتال کی” ورک فورس” میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کو اس اقدام کا براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان نئی نرسز کی ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے زیر علاج مریضوں کی نگہداشت اور ہیلتھ کئیر میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فضیلت لعل اور نرسز کثیر تعداد میں موجود تھیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے نئی تعینات ہونے والی نرسز کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ دوران تعلیم و تربیت انہوں نے جو کچھ پڑھا اور سیکھا ہے اُس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مریضوں کی بہتر سے بہتر دیکھ بھال اور نگہداشت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے مریضوں کی خدمت کر کے اُن سے دعائیں لیں۔
ایم ایس ڈاکٹر فریادحسین نے کہا کہ نئی تعینات ہونے والی نرسز کو ڈسپلن، میڈیکل چارٹ کی تکمیل،وارڈ مینجمنٹ، ہیلتھ کئیر کمیشن کے واضح کردہ ایس او پیز، ڈینگی سمیت موسمی و متعددی امراض بارے آگاہی اور مریضوں و لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے بارے خصوصی لیکچرز دیے جائیں گے تاکہ نرسز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید نکھار آ سکے اور دوران علاج انہیں کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈفضیلت لعل نے نئی نرسز کو عملی میدان میں قدم رکھنے پر خوش آمدید کہا اور ایل جی ایچ کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام شعبوں کی سسٹرانچارج آپ کی مکمل رہنمائی کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہیلتھ کے شعبے کی ترقی، ہسپتالوں کی ورکنگ کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بہت زیادہ توجہ کے ساتھ دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی پالیسی اور ویژن کے مطابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور اُن کی ٹیم اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انتھک محنت اور لگن کے ساتھ فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں جو" ہیلتھ کئیر پرووائڈر"کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ حکومتی پالیسی کے تحت مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات اور نگہداشت کی ذمہ داریاں احسن انداز سے نبھا رہی ہے جن میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ نرسز اور پیرا میڈیکس کا بہت کلیدی کردار ہے اور ان کے تعاون کے بغیر ہیلتھ پروفیشنلز مریضوں کو علاج کی سہولیات و نگہداشت انفرادی طور پر پوری نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اس کام میں نرسز ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ وارڈ مینجمنٹ اور وہاں زیر علاج مریضوں کی زیادہ تر نگہداشت نرسز کی اولین ذمہ داری ہے۔پروفیسر الفریدظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال انتظامیہ کیلئے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ نرسز اور پیرا میڈیکس دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنے فر ائض منصبی پورے کر رہے ہیں۔