جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کی کوشش سے پست قد مایوس والدین کی امید روشن

لاہور (زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے مزید اولاد کی خواہشمندسوا تین فٹ کی 25سالہ مدیحہ ریحان کے جسم میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے رکھا گیا کوائل IUCD(چھلہ) کامیابی سے نکال دیا جبکہ خاتون کے شوہر کا قد2فٹ 6انچ ہے جن کے قبل ازیں 3بچے آپریشن سے پیدا ہوئے اور صرف ایک بچہ حیات ہے جس کے بعد خاتون نے بچے نہ پیدا کرنے کی غرض سے کوائل رکھوا لیا تھا جس سے مختلف جسمانی پیچیدگیاں شروع ہو گئیں۔

والدین میں مزید بچے پیدا کرنے کی خواہش نے جنم لیا جس کی بنا پر مذکورہ جوڑے نے شہر کے ہسپتالوں سے کوائل نکلوانے کیلئے رابطہ کیا تاہم انہیں کامیابی نہ ہوئی، پھر اس مایوس جوڑے نے جنرل ہسپتال کے شعبہ امراض نسواں سے رابطہ کیا۔ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے مریضہ کا طبی معائنہ کر کے داخل کر لیا جنہوں نے ایک ماں کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے نہ صرف جسمانی تکلیف سے نجات دلوائی بلکہ کوائل نکال کر مزید اولاد پیدا کرنے کے قابل بھی بنا دیا۔

ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کی اس کاوش پر پست قد والدین کے جذبات سے مغلوب ہو کر آنسو نکل آئے اور وکٹری کا نشان بنایا۔ انہوں نے ڈاکٹرز و نرسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سے ہسپتالوں کا چکر لگا کر مایوس ہو چکے تھے لیکن ایل جی ایچ کی لیڈی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کی پیشہ وارانہ مہارت و انسانی ہمدردی کی وجہ سے ان میں مزید اولاد پیدا کرنے کی خواہش پوری ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ ان کے 3میں سے 2بچے دنیا سے جا چکے تھے اور ان کی تمنا تھی کہ مزید 1یا 2بچوں پر مشتمل خاندان تشکیل دیا جائے۔