لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں 30سالہ خاتون نے ایک ساتھ 2بیٹوں اور 2بیٹیوں کو جنم دیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور جنرل ہسپتال میں فیروز پور روڈ کی رہائشی 30سالہ خاتون کے ہاں بیک وقت 4بچوں کی پیدائش ہوئی،پروفیسر آف گائنی یونٹ ٹو ڈاکٹر فائقہ سلیم بیگ کی سربراہی میں ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر رابعہ نفیس اور ڈاکٹر مریم ذوالفقار نے گائنی کے اس بڑے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ پروفیسر آف امراض بچگان ڈاکٹر محمد شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس کامیاب آپریشن پر ڈاکٹرز نے اظہار مسرت کرتے ہوئے نومولود بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں اور بہت زیادہ اپنائیت کا اظہار کیا۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس کامیاب آپریشن کے نتیجہ میں 4بچوں کی پیدائش پر ڈاکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد دی اور اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی سیکشن کے ذریعے 4بچوں کی پیدائش ماں اور شیرخوار تندرست اور صحت مند ہیں جو انتہائی خوش آئند اور مسیحاؤں کی پیشہ وارانہ لگن کا اظہار ہے۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے کہا کہ رانی زوجہ اعجاز کو ایک ماہ قبل ایل جی ایچ میں چیک اپ کے لئے لایا گیا تھا جس کے طبی معائنہ اور مریضہ کی حالت کے پیش نظر اُس کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تاکہ زچگی کے دوران اُس کی بہتر نگہداشت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اب اللہ تعالیٰ نے بیک وقت 2بیٹوں اور 2بیٹیوں سے نوازا ہے،رانی کی شادی 7سال قبل ہوئی تھی اس کے ہاں پہلے ایک5سال کا بیٹا ہے۔ نومولود بچوں کو نرسز وارڈ میں رکھا گیا ہے۔مریضہ کے اہل خانہ نے بھی معالجین کو دعائیں دیں اورخوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے لئے تہنیتی کلمات کہے۔