لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کے بہتر علاج معالجہ اور مرض کی تشخیص کے حوالے سے حکومتی ہدایات اور محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی پالیسی کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں طبی ماہرین پر مشتمل 7رکنی کلینیکل کمیٹی تشکیل دے دی اوراس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
کلینیکل کمیٹی کے اراکین میں میڈیسن،امراض بچگان، گائنی اور انتظامی ڈاکٹرشامل ہیں جبکہ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے۔ پروفیسر فہیم افضل،ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹراسرار الحق طور،ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر عبدالقدوس، ڈاکٹر شمائلہ طاہر اور ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹرآصف جاویدکمیٹی کا حصہ ہونگے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد انتہائی فکر مند ہیں اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے حکومت نے محکمہ صحت کو واضح ہدایات جاری کی ہیں اور وباء کی روک تھام اور اس سے متاثر ہونے والے مریضوں کے علاج کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جنرل ہسپتال نے یہ اہم قدم اٹھایا ہے جس سے اس وبا ء میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے میں مزید بہتری آئے گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ کلینیکل کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی بخار کے مریضوں کی انفرادی و اجتماعی طور پر ہر کیس کی مکمل طور پر اسسمنٹ کرے گی تاکہ ہر مریض کی بیماری کی نوعیت کو سامنے رکھتے ہوئے ضرورت کے مطابق ڈاکٹرز اور نرسز کو علاج معالجہ سے متعلق ضروری گائیڈ لائنز دی جا سکیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آسکیں اور ان کی دیکھ بھال میں کوئی کمی نہ رہے۔
پروفیسر الفرید ظفر کامزید کہنا تھا کہ اس امر کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھا جائے گا کہ زیر علاج ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کے لواحقین کو اگر کسی قسم کی کونسلنگ کی ضرورت ہو تو ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاہم لواحقین کی بھی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹرز کو اپنے مریض کی سابق ہسٹری سے مکمل طور پر آگاہ رکھیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی مفت طبی سہولیات کی فراہمی اپنی جگہ انتہائی اہم ہے تاہم ڈینگی وبا ء کی روک تھام کیلئے عوام کو بھی مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی اور اپنے گھروں کی حد تک مچھر وں کی افزائش کی تمام مقامات کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وباء کی روک تھام اور خاتمہ ناممکن ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ ڈینگی کے مریضوں کیلئے تمام وسائل بروکار لائے جا رہے ہیں۔