لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں پی سی او ایس سے بچاؤ و آگاہی سے متعلق واک کا انعقاد

لاہور(زاہد انجم سے)لاہور جنرل ہسپتال میں پولی سسٹک اووریز سنڈروم (پی سی او ایس) مرض کی پیچیدگیوں، بچاؤ کے لئے گائنی آؤٹ ڈور میں کلینک قائم کر دیا گیا جہاں روزانہ لیڈی ڈاکٹرز خواتین کا طبی معائنہ و انہیں مکمل معلومات فراہم کررہی ہیں تاکہ وہ ابتداء میں ہی احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے پولی سسٹک اووریز سنڈروم کی آگاہی واک کے شرکاء اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 15فیصد خواتین اس بیماری میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں اس کی شرح دیگر ممالک سے کہیں ذیادہ ہے۔ جن کی وجوہات میں آرام طلبی، غیر صحت مند خوراک اور جنیاتی عوامل بھی اس مرض کاایک اہم سبب ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر مصباح کوثر، ڈاکٹر آمنہ شاہد، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر رضوانہ طارق، ڈاکٹر سارہ ذیشان، ڈاکٹر مہوش الیاس اور ڈاکٹر صفدر سمیت موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پولی سسٹک اووریز سنڈروم خواتین میں ہارمونز کا عدم توازن ان میں بیضہ دانی اور بچہ دانی میں رطوبت بھری تھیلیاں بنانے کا باعث بنتا ہے جس سے نا صرف ماہواری میں بے قاعدگی پیدا ہوتی ہے بلکہ بانچھ پن اور حمل نہ ٹھہرنے کی پیچیدگیاں بھی سامنے آتی ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے خواتین میں مردانہ ہارمونز کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے جلد پر مردوں کی طرح بال اگنا شروع ہو نے کے علاوہ کیل مہاسے، تل وغیرہ بھی ابھر آتے ہیں جو خواتین کے حسن کو متاثر کرتے ہیں۔ پولی سسٹک اووریز سنڈروم جیسے مرض سے چھٹکارے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین باقاعدگی کے ساتھ جسمانی ورزش، واک پر توجہ دیں، اپنے جسم کا خیال رکھیں،وزن کم کریں اور متوازن غذا کھائیں تاکہ وہ ذیابیطس، امراض قلب اور بلڈ پریشر میں مبتلا نہ ہوں۔

اس حوالے سے خواتین میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارمونز کی تبدیلیاں چند عورتوں میں سر درد پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی سی او ایس تشخیص مریض کی ہسٹری اور خون کے ٹیسٹ سے ہوتی ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے لیڈی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ خواتین کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کونسلنگ اور حفظان صحت کے اصولوں سے بھی آگاہ کیاکریں۔